کولمبو: سری لنکن ٹیم بھارت سے ہوم سیریز میں فتح کو ترستی رہ گئی،مہمان سائیڈ نے ٹیسٹ3-0 اور ون ڈے سیریز 5-0 سے جیتنے کے بعد واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں بھی 7 وکٹ سے کامیابی سمیٹ لی، کوہلی نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے، منیش پانڈے نے وننگ چوکالگاکر ففٹی مکمل کی۔
تفصیلات کے مطابق171 کا ہدف پانے والی بھارتی ٹیم نے 19.2 اوورز میں 3 وکٹ پر 174رنز جوڑکر فتح کو گلے لگالیا،اوپنرز روہت شرما 9 اورلوکیش راہول 24 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے،کپتان ویرات کوہلی نے 82کی اننگز کھیلی، انھوں نے منیش کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلیے 119رنزجوڑے، دھونی نے20ویں اوور کی پہلی گیند پر سنگل لے کر اسٹرائیک منیش کے سپرد کی، اس موقع پر اسکور برابر ہوگیا تھا، منیش نے چوکا لگاکر نہ صرف ففٹی مکمل کی بلکہ اپنی ٹیم کو بھی 7 وکٹ سے فتح دلا دی، وہ 51 پر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل سری لنکا نے 7 وکٹ پر 170رنز اسکور کیے۔
دلشان موناویرا نے کیریئر کی اولین ٹوئنٹی 20 ففٹی بنائی، انھوں نے 29 گیندوں پر 53رنز بٹورے، ایشان پریانجان نے 40 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، میزبان ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ اس بار بھی دھوکا دے گئی، کپتان اپل تھارنگا5، اینجلیو میتھیوز 7، تھشارا پریرا11 اورشناکا صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، پریانجان نے ایشارو یوڈانا کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کیلیے 36 رنز جوڑے، یوڈانا 19پر ناٹ آؤٹ رہے، یوزویندر چاہل نے 4 اوورز میں 43رنز کی پٹائی کے بعد3 وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادیو نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔