سری نگر (یس ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ریلی کی قیادت کے لئے آج سری نگر پہنچ رہے ہیں، حریت رہنماؤں نے وادی میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ مقبوضہ وادی کے حکام نے سری نگرشہر میں ہائی الرٹ کردیا ہے، چھتوں پر نشانہ باز تعینات ہیں، ریلی کے مقام پر کتوں کی مدد سے تلاشی لی جارہی ہے اور شہر کے مختلف مقامت پر دن کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں، شہر کی اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں اور پولیس اور پیرا ملٹری دستے شہر میں گشت کر رہے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں انتخابات کے اگلے مرحلہ میں کل ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل پر سیکڑوں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کا گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم آج اسپورٹس اسٹیڈیم میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔