اسلام آباد: یس ایس پی تشدد کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر عمران خان کے وکیل نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس میں عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلے کے وقت موجود نہیں ہو سکتے۔
سرکاری وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ فیصلہ سناتے وقت ملزم کو موجود ہونا چاہیے، عدالت نے سرکاری وکیل کے اعتراض پر استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو فوری طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ آج سنائے گی۔