برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے صدر پاکستان ممنون حسین سے پاکستان کا اہم ایوارڈ ”ستارہ قائداعظم” وصول کرنے پر رکن ای یو پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم کو دلی مبارکباد دی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کی شام کو ایوا ن صدر اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر ایک تقریب کے دوران سجاد کریم کو ان کی پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات پر ستارہ قائداعظم سے نوازا گیا۔
علی رضا سید جو اس تقریب میں مہمان کے طورپر مدعو تھے، نے اپنے ایک بیان میں حکومت پاکستان کے اس اقدام پر انتہائی مسرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سجاد کریم نے پاکستان اور یورپ کے تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
خاص طورپر پاکستان کو جی۔ایس ۔پی پلس کا درجہ دلوانے میں ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں اور حکومت پاکستان نے یہ ایوارڈ دے کر ان کی ان انمول کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ سجاد کریم نے پاکستان اور یورپ کے مابین پل کا کردار ادا کیا ہے اور تعاون کو مزید بڑھانے کی قابل تعریف کوشش کی ہے۔
سجاد کریم نہ صرف یورپی پارلیمنٹ کے اندر پاکستان کا کیس درست طورپر پیش کیاہے بلکہ ان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انھوں نے یورپ کے دیگر سرکاری حلقوں میں بھی ہمیشہ مثبت بات کی۔
جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے کے بعد پاکستان کو یورپ کی وسیع مارکیٹ تک رسائی مل گئی ہے۔ اب پاکستان یورپی یونین میں شامل تمام ممالک کی منڈیوں کو ٹیکسٹائل سمیت اپنی مصنوعات برآمد کر سکے گا۔
علی رضا سید نے کہا کہ پاکستان کے یورپ کے تعلقات کے علاوہ سجاد کریم نے مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کرنے کردار ادا کیا ہے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسئلے کو صحیح معنوں میں پیش کیا ہے جس پر کشمیری عوام ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔