کھیل ہو یا فلم کی دنیا بعض اوقات اس میں داخل ہونے والا کسی باعث اپنا نام تبدیل کر لیتا ہے۔اکثر وہی نقلی نام قبولیت عامہ پاتا ہے اور لوگ اس کا اصل نام نہیں جان پاتے۔مثال کے طور پر دلیپ کمار کو سبھی جانتے ہیں،مگر یوسف خان سے صرف ان کے جان نثار پرستار ہی واقفیت رکھتے ہیں۔پاکستان کی شوبز دنیا میں بھی ایسی شخصیات موجود ہیں جن کے اصلی ناموں سے لوگ واقف نہیں ۔
پہلا نام سپر سٹار شان کا ہے۔ شان شاہد منفرد اداکاری، ماڈلنگ، ہدایت کاری کی بدولت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے۔ان کا اصل نام ارمغان شاہد ہے۔ میرا پاکستانی فلمی صنعت کی معروف اداکارہ ہیں۔انھوں نے نہ صرف پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ بھارت کی فلموں میں بھی کام کیا۔ والدین نے ان کا نام ارتضیٰ رباب رکھا تھا لیکن فلموں میں آنے کے بعد انھیں اپنا نام تبدیل کرنا پڑا اور میرا کے نام سے مشہور ہوئیں۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کا خوبصورت چہرہ اور گلیمرس اداکارہ ریما خان ان دنوں ایک امریکی ڈاکٹر کے ساتھ شادی کر کے ہنسی خوشی ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔ ریما خان کا اصل نام ثمینہ خان ہے ۔فلمی تقاضوں کے پیش نظر ان کا نام ریما رکھا گیا۔عائزہ خان ٹی وی ڈراموں کی نامور آرٹسٹ ہیں۔مگر یہ ان کا اصل نام نہیں۔ڈرامے کی دنیا میں قدم دھرنے سے قبل انھیں بھی اپنے اصل نام،کنزا خان کو تج کر نقلی نام اختیار کرنا پڑا۔
نوجوان اداکار نبیل نے ڈرامہ سیریل، دھواں سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے اس اداکار نے ہر طرح کے کرداروں میں ڈھل کر اپنے شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ شوبز میں آنے سے پہلے اداکار نبیل کا نام ندیم ظفر تھا۔ اداکارہ نور کا نام ان کی شخصیت سے مماثلت رکھتا ہے۔یہ خوبرو اداکارہ نہ صرف بہت اچھی اداکارہ بلکہ بہت اچھی رقاص بھی ہے۔ان کا اصلی نام سونیا مغل ہے۔
موسیقی کو پسند کرنے والا ہر شخص گلوکار رحیم شاہ کے نام سے ناواقف ہوگا۔ رحیم شاہ نے اردو، پنجابی اور پشتو سمیت مختلف زبانوں میں سب کی من پسند گانے گائے ہیں۔ رحیم شاہ کا ہر گانا بہت مقبول اور زبان زد عام ہوا۔ان کا اصل نام محمد خان ہے۔ پشاور سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والا یہ گلوکار کراچی میں رہائش پذیر ہے۔
راولپنڈی میں جنم لینے والی اداکارہ وینا ملک ان چند پاکستانی اداکاروں میں شامل ہے جو ہمیشہ مختلف تنازعات میں گھری رہتی ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے پروگرام بگ باس نے اسے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ موصوفہ ان دنوں شادی کے بعد امریکا میں رہائش پذیر ہے۔ وینا ملک کا اصل نام زاہدہ ملک تھا لیکن شوبز انڈسٹری میں آنے کے بعد اسے اپنا نام تبدیل کرنا پڑا۔
پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے اداکار، سمیع خان اپنی دلکش اداکاری کی وجہ سے بہت نام کما چکے۔ لیکن ان کا اصل نام منصور علی خان نیازی ہے۔ انہوں نے بھی شوبز میں آ کر اپنا نام تبدیل کر لیا۔ان کا تعلق لاہور سے ہے۔ ٹی وی انڈسٹری کی منجھی ہوئی اداکارہ ،صبا قمر کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ درپیش آیا۔ان کا اصل نام صباحت قمر تھا۔لیکن دوست احباب کی فرمائش پر انھوں نے صباحت کو مختصر کر کے اپنا نام صبا رکھ لیا۔