کراچی: کراچی میں رمضان المبارک اور شدید گرمی کے دوران کے الیکٹرک نے ایک بار پھر شہر بھر میں طویل لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع کردی۔کے الیکٹرک نے صنعتی علاقوں سمیت لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا ہے، شہر بھر میں ایک بار پھر12 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کے دوران کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے بجائے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے کراچی کے شہری بجلی کے تعطل اور طویل بندش سے ایک بار پھر شدید اذیت سے دوچار کردیے گئے ہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ اس وقت بھی نجی بجلی گھروں سے ان کی پوری استعداد سے بجلی حاصل کرنے کے بجائے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے شہرکے وہ رہائشی اور تجارتی علاقے جنھیں لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل تھا وہاں بھی ایک، دو اور تین گھنٹے کی مرحلہ وار لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔شہر کے گنجان ترین رہائشی علاقوں میں 12 گھنٹے تک کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے کے الیکٹرک کے ترجمان نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں اضافی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا تاثر غلط ہے شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر علاقوں میں اختر کالونی، محمود آباد، لائنز ایریا، پیٹل پاڑہ، جمشید روڈ، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ کراچی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، اسکیم 33، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن اور دیگر علاقے شامل ہیں۔