اسلام آباد (یس ڈیسک) اتحاد تنظیمات مدارس کے علما نے خودکش حملوں اور ریاست پاکستان کے خلاف مسلح جدوجہد کو حرام قرار دیدیا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور مذہبی اکابرین نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے شانہ بشانہ جدوجہد کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق اجلاس میں مذہبی امور کے وزرا، وزیر اعظم کے خصوصی معاونین سرکاری حکام اور مدارس کے سربراہوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی بھی قسم کی دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث فرد یا ادارے کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی۔ مدارس کی رجسٹریشن کو آسان اور یقینی بنانے کیلئے متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں اور اتحاد تنظیمات مدارس کے نمایندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائیگی، کمیٹی اتفاق رائے سے ایک جامع رجسٹریشن فارم تیار کرے گی۔ دینی مدارس قانون کے تحت اپنے حسابات کی آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہیں، مدرسوں کی بیرونی امداد صرف حکومت کے ذریعے آئیگی۔ حکومت، سیاسی قیادت اور علما کرام کے درمیان مستقل رابطے کیلئے ادارتی نظام وضع کیا جائے گا۔