کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نےاس سال بھی نئے کرنسی نوٹ کے لیے ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا، سٹیٹ بینک نے نئے نوٹوں کے لئے مخصوص بینکوں کی فہرست جاری کردی ہے، نئے کرنسی نوٹ 120 شہروں میں 1000 کمرشل بینک برانچز کے ساتھ ساتھ آن لائن بینکنگ میں دستیاب ہوں گے۔
نئے نوٹوں کے حصول کے لیے ایس ایم ایس سروس کے لیے صارفین کو اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ بینک برانچ آئی ڈی نمبر کو 8877 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ نئے نوٹوں کی حصولی کے لئے ایس ایم ایس سروس یکم جون سے شروع ہوگی۔ ایس ایم ایس کے جواب میں صارف کو بینک کی جانب سے ٹرانزیکشن نمبر موصول ہوگا جس کے ساتھ بینک برانچ کا ایڈریس اور تاریخ دی جائے گی تاکہ نئے نوٹ حاصل کیے جاسکیں۔
صارف کو نئے کرنسی نوٹ لینے کے لیے اصل شناختی کارڈ یا سمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877 سے موصول ہونے والا کوڈ بھی ساتھ لانا ہوگا جس کے بعد صارف کو 10 روپے کی تین، 50 اور 100 روپے کی ایک ایک گڈی ملے گی۔ بینکوں کی برانچوں کے ریفرنس کوڈز سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ یا پی بی اے ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔