الیکشن کمیشن میں انتخابات 2018 کی حلقہ بندیوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،محکمہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو مکمل مطلوبہ ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے محکمہ شماریات کو ہدایات دیں کہ نقشہ جات اور دیگر دستاویزات 10 جنوری تک فراہم کر دی جائیں ۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ مکمل ڈیٹا کی فراہمی کے بعد 15 جنوری سے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام شروع کیا جا ئے گا۔بابریعقوب فتح محمد کی زیر صدارت اجلاس میں عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو تا حال کسی بھی صوبے نے حلقہ بندیوں کے لئے ڈیٹا فراہم نہیں کیا،اب تک پٹوار سرکل اور انتظامی یونٹس کے نقشے بھی نہیں ملے، محکمہ شماریات نے نقشہ جات اوردیگردستاویزات الیکشن کمیشن کے حوالے کردیں۔حکام محکمہ شماریات نے حلقہ بندیوں سے متعلق مزید دستاویزات اور ڈیٹا 10 جنوری تک فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے اب تک کئے گئے اقدامات اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے مطلوبہ ڈیٹا فراہم کرنے پراظہار اطمینان کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبوں اورمحکمہ شماریات سے مکمل مطلوبہ ڈیٹا ملنے پر ہی 15 جنوری سے حلقہ بندیاں شروع کی جاسکیں گی۔