وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بات کا جواب پارلیمنٹ میں دوں گا جو بات کمیشن میں کرنی ہو گی وہ کمیشن کے روبرو کروں گا۔ اپوزیشن صرف سیاست کرنا چاہتی ہے۔
لاہور : (یس اُردو) وزیراعظم نواز شریف نے دوشنبے سے اسلام آباد واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو میں ایک بار پھر پاناما لیکس کے معاملے پر کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ کہتے ہیں جو بات پارلیمنٹ میں کرنی ہو گی وہ پارلیمنٹ میں کروں گا۔ میری دلی خواہش ہے چیف جسٹس جلد کمیشن بنائیں۔ پاناما پیپرز کی نیب سے تحقیقات کرانے کی تجویز آئی تو اس پر فیصلہ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا اپوزیشن مجھ سے سوال جواب نہیں کر سکتی اپوزیشن کا ایجنڈا کرپشن روکنا نہیں میرا پیچھا کرنا ہے۔ کچھ لوگوں کو شروع دن سے ہی نواز شریف قبول نہیں جو بات کمیشن کے سامنے کرنی ہو گی وہ کمیشن کے روبرو کروں گا۔ وزیراعظم نے کہا مخالفانہ ماحول میں ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ منفی سیاست پہلے بھی ملک کے لئے زہر قاتل ثابت ہو چکی ہے۔