شیخوپورہ(بیورورپورٹ)لاہور روڈ برلب سڑک واقع آبادی خیر آباد کی دکانوں کے سامنے سے گزرنے والا برساتی نالہ عدم صفائی کے باعث جوہڑ میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کا پانی ملحقہ مکانات اور دکانوں میں بھی داخل ہونا شروع ہوگیا ہے ، اس گندے پانی کا انخلا ء نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش زور پکڑ گئی ہے اور اب تک تین افراد اس مرض کا شکار ہو کر ہسپتال داخل ہوچکے ہیں اس نالہ میں قریبی فیکٹریوں کا زہریلہ کیمیکل زدہ پانی بھی شامل ہورہا ہے جس سے مختلف جسمانی بیماریاں اور گندگی کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا بھی اندیشہ بڑھ گیا ہے گزشتہ روز علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے ٹی ایم اے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کچھ دیر کیلئے لاہور روڈ کو بھی احتجاجا بلاک رکھا ، علاقہ کے دکانداروں اور مکینوں حاجی عبدالرزاق مغل ، حاجی محمد ابراہیم ، شیر علی، حاجی احمد علی، محمد ندیم، محمد نواز ، محمد اسماعیل ، محمد اسلم و دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ دکانوں اور رہائشی مکانوں کے آگے سے گزرنے والا یہ برساتی نالہ گزشتہ دو ماہ سے بند پڑا ہے جس کی صفائی کیلئے متعدد بار ٹی ایم اے کے حکام کو درخواستیں دیں مگر ان پر کوئی عمل نہ ہوسکا، علاقہ کے نومنتخب کونسلر کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا مگر وہ بھی اپنی بے بسی کا رونا رو کر حلقہ سے غائب ہوگیا ہے، متعدد بار اپنی مدد آپ کے تحت اس نالہ کی صفائی کروائی گئی مگر فیکٹریوں اور قریبی بستیوں سے آنے والا گندہ پانی نالہ کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ابل کر دکانوں کے آگے کھڑا ہوجاتا ہے جس سے ہمارا کاروبار تباہ ہورہا ہے اور آمد ورفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نالہ کی عدم صفائی کی وجہ سے جہاں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں گنداپانی کھڑا ہونے کے باعث مچھر کی بہتات اور دیگر حشرات کی افزائش بڑھ گئی ہے انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ ماحولیات کو بھی درخواستیں دی گئیں مگر وہ بھی سرد خانے کی نظر ہوگئیں پانی اوور فلو کی وجہ سے اکثر دکانوں اور مکانوں میں داخل ہوجاتا ہے ، انہوں نے ڈی سی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس نالہ کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ علاقہ کے لوگ اور دکاندار سکھ کا سانس لے سکیں ، اس سلسلہ میں جب ٹی ایم او میاں زبیر وٹو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے یہ کہہ کر فون کاٹ دیا کہ ہم رمضان بازاروں میں مصروف ہیں اور اب رمضان المبارک کے بعد ہی اس کی صفائی کیلئے کوئی پیش رفت کی جاسکے گی۔