اسلام آباد: کرکٹ کے میدان میں تہلکہ مچانے والی عرب ٹی وی کی وکٹ فکسنگ سے متعلق رپورٹ میں پاکستانی کرکٹر حسن رضا کا نام بھی سامنے آگیا۔عرب ٹی وی الجزیرہ کے رپورٹر نے اسپاٹ فکسنگ سے متعلق اسٹنگ آپریشن کیا جس میں بھارت سے تعلق رکھنے والے مبینہ فکسر، رپورٹر اور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کو دیکھا جاسکتا ہے۔
حسن رضا کو مبینہ فکسر سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس کے ساتھ فلمبند کیا گیا تاہم پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اس گفتگو میں براہ راست شریک نہیں رہے البتہ فکسرز نے مجوزہ پلان کے دوران مثال کے طور حسن کا نام لیا۔ مبینہ فکسر رابن مورس نے اسٹنگ آپریشن کرنے والے رپورٹر کو میچ فکسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس حوالے سے جاری ہونے والی ویڈیو سے متعلق باضابطہ رابطے پر حسن رضا نے کوئی جواب نہیں دیا۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے رپورٹ کے مکمل منظر عام پر آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا اعلان کر رکھا ہے۔گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو میں گراؤنڈ اسٹاف کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان نومبر میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے لیے وکٹ فکسنگ کی یقین دہانی کراتے دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو میں وکٹ فکسر تھرانگا اندیکا نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کی وکٹ بھی’فکس‘ کرنے کا اعتراف کیا۔