دبئی میں مخیر حضرات کی جانب سے ضرورتمندوں اور مستحقین کی سحری و افطاری کے لئے ایک انوکھا اہتمام کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں گھروں سے باہر کھانے سے بھرے فریج رکھ دئیے گئے ہیں۔
رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں ہرمسلمان نیکیاں کمانے کی جستجو میں نظر آتا ہے اور غرباء اور ضروتمندوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ایسا ہی ایک انوکھا انداز دبئی میں بھی دیکھا گیا جب لوگوں نے کھانے کی اشیاء سے بھرے فریج گھروں سے باہر نکال کر رکھ دئیے۔
ضرورت مند اور غریب افراد کو سحری وافطاری کروانے کا یہ منفرد انداز نہ صرف ثواب کا ذریعہ ہے بلکہ ایسے افراد جو گھروں سے دور ہیں اور افطاری کا اہتمام نہیں کر پاتے ان کیلئے نہایت موثر اثابت ہوا۔
گھروں سے باہر کھانے سے بھرے فریج دیکھ کر مزدور اورغرباء آتے ہیں اور اپنی مرضی سے فریج میں رکھے پسندیدہ کھانوں سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں دنیا کے کئی اسلامی ممالک کی طرح دبئی میں بھی انسان خدمت کے جذبے سے سرشار مسلمان روزہ داروں کے لئے سحر و افطار کا بندوبست کرتے ہیں۔
دبئی کی رہائشی ایک خاتون کے مطابق انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر کھانے پینے کی چیزوں سے بھرے فریج رکھوائے ہیں جن میں کھانے کا سامان رکھنے کیلئے ملازم بھی موجود ہیں۔