رملہ: مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے تین مسلمانوں کی شہادت کے ایک روز بعد فلسطینی نوجوان نے چاقو کے وار کرکے تین اسرائیلیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں حلامش کے علاقے میں ایک فلسطینی نے چاقو کے وار کرکے تین اسرائیلیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔ اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے حملہ آور کو زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حملہ 19 سالہ فلسطینی نوجوان عمر العابد نے کیا۔ یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا جب ایک روز قبل اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 3 فلسطینیوں کو شہید اور 170 کو زخمی کردیا تھا۔ ادھر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کے ساتھ تمام رابطے منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ محمود عباس کا کہنا ہے کہ مسجد اقصی میں داخلے پر تمام اسرائیلی پابندیاں ختم ہونے تک روابط منقطع رہیں گے۔ اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کے داخلے پر نئی پابندیاں کی ہیں جس کی وجہ سے مقبوضہ فلسطین میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔