گڈز ٹرانسپوٹرز نے شہر میں بھاری گاڑیوں پر 24 گھنٹے پابندی کے خلاف ہڑتال کردی، گزشتہ روز کراچی جبکہ آج سے پورے ملک میں ترسیل روک دی گئی ہے۔ہڑتال کے باعث گڈز ٹرانسپوٹرز سڑکوں سے غائب ہے۔
یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کہنا ہے کہ متبادل روٹس مہیا کیے بغیر شہر میں بھاری گاڑیوں کی پابندی صحیح نہیں جس کی وجہ سے بھاری گاڑیوں سے ترسیل مکمل طور پر منجمد کردی گئی ہے۔
ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسو سی ایشن امداد حسین کا کہنا ہے کہ تقریباً 15سے 20 ہزار ٹرکوں کی آمد و رفت رکی ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کے رویے کیخلاف ہڑتال کی گئی ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ سدرن بائی پاس فوری بناکردیا جائے۔
ادھر جوڑیا بازار ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ سے بھی مال آتا ہے، بھاری گاڑیوں کے داخلے کا کوئی وقت مقرر کیا جائے، 24 گھنٹے بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی سے مال کی قلت ہوجائے گی۔