اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئےسینئیر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے انکشاف کیا کہ اب اگلی باری مولانا فضل الرحمان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نام اُن لوگوں میں شامل ہے جنہوں نے لوٹ مار کی ہوئی ہے اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے ہوئے ہیں۔ سینئیر صحافی کا کہنا تھا کہ ان الزامات میں اب مولانا فضل الرحمان بھی جلد ہی گرفتار ہونے والے ہیں۔نیب کے پاس ان کے حوالے سے شواہد بھی موجود ہیں اور نیب نے مزید ضروری شواہد اور ثبوت اکٹھا کرنے شروع کر دئے ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز اپوزیشن پر کافی بھاری رہا ۔ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے حراست میں لے لیا ، اور بعد ازاں گذشتہ روز احتساب عدالت نے انہیں 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو بھی حراست میں لے لیا۔ اور پھر لندن سے ایک خبر موصول ہوئی کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستان میں گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی گرفتاریوں نے سیاست میں بھی ایک ہلچل مچا دی ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے ہورہے ہیں۔ جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے کافی بے چینی بھی پائی جا رہی ہے۔ سینئیر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں مزید گرفتاریاں ہونے کا بھی امکان ہے ۔