واشنگٹن: امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے اسپوکین کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے اسپوکین میں فری مین ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا جب کہ واقعے میں متعدد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق اسکول میں فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کے دیگر اسکولوں کو احتیاطاً بند کردیا گیا ہے اور دیگر افراد کو اس طرف آنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔