کراچی: نارتھ کراچی میں قرض خواہوں اور پولیس کے خوف سے تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والا شخص دم توڑ گیا۔
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کا رہائشی کلیم مردم شماری ٹیم کے ساتھ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو دیکھ کر خوفزہ ہوگیا اور گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، علاقے کے افراد نے اسے اسپتال پہنچایا تاہم وہ دم توڑ چکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کلیم نامی شخص ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا تھا اور اسے کاروبار میں خسارے کا سامنا تھا جب کہ کلیم نے گزشتہ چند روز قبل دوسری شادی بھی کرلی تھی جس کی وجہ سے گھریلو تنازعات بھی چل رہے تھے اور قرض خواہ بھی اپنی رقم کی وصولی کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے، بدھ کی صبح بھی کلیم کی چند افراد سے پیسوں کے تقاضے پر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی اور انہوں نے اسے دھمکیاں بھی دی تھیں، واقعے کے کچھ ہی دیر کے بعد جب مردم شماری کی ٹیم علاقے میں پہنچی تو ان کے ساتھ اہلکاروں کو دیکھ کرخوفزدہ ہوگیا اورتیسری منزل سے چھلانگ لگادی جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔