لاہور(دیب ڈیسک) سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے عوام کیلئے پبلک سیکرٹریٹ قائم کر دیا ،روزانہ مسائل سنیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ وہ کچی آ بادیوں کو مالکانہ حقوق دینگے ،کسی غریب کے گھر کو نہیں چھیڑا جائے گا، عبدالعلیم خان کے مطابق محکمے کو کام کرنا ہوگا،ایک ہفتے کے بعد پوچھ گچھ ہو گی ،افسران عوام سے عزت سے پیش آئیں
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور میں عوام کیلئے پبلک سیکرٹریٹ قائم کر دیا ہے جہاں سوموار سے ہفتے تک دن 10سے4بجے تک روزانہ عوام سے مسائل پر مبنی تحریری درخواستیں موصول کی جائیں گی جن پر متعلقہ محکموں سے فوری کاروائی کیلئے رابطہ کیا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار عبدالعلیم خان نے لاہور کے حلقہ پی پی158کے سیاسی عمائدین ، مقامی کارکنوں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کسی کا بھی ناجائز کام نہیں ہوگا اور جائز مطالبے کو رکنے نہیں دیا جائے گا ،انہوں نے واضح اعلان کیا کہ کسی بھی علاقے میں کچی آبادیوں میں کسی غریب کے گھر کو نہیں چھیڑا جائے گا اس بارے میں پایا جانے والا تاثر حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ ماضی کی طرح کچی آبادیوں کو دوبارہ مالکانہ حقوق دیں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے 2003سے2007تک کے دور وزارت میں ہائی کورٹ جا کر کچی آبادیوں کے حقوق کا تحفظ کیا ،لوگوں کو اپنے خرچے پر نہ صرف مالکانہ حقوق دلوائے بلکہ انہیں ملبے کے پیسے بھی دلوائے گئے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قائم کسی پلازے کو نہیں چھوڑیں گے اور سرکاری زمین کا ایک ایک انچ اس مافیا سے واپس لیا جائے گا جو اس کا کمرشل استعمال کر رہے ہیں ،
عبدالعلیم خان نے سرکاری افسران سے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور لوگوں سے عزت اور محبت سے پیش آئیں ،انہوں نے کہا کہ رشوت لینے والے کسی افسر کیلئے کوئی گنجائش نہیں ،اُن پر آج تک حکومتی منصوبوں میں ایک روپے کی بھی کمیشن یا خرد برد کا الزام نہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی اسی صاف دامن کے ساتھ آگے بڑھیں گے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ درست شکایات اور جائز کام سامنے لائیں قوانین و ضوابط میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی ،سینئر وزیر نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی خزانے کو ڈاکوؤں کی طرح لوٹا ہے ،پنجاب حکومت کو مجبوراً ترقیاتی بجٹ پر بھی نظر ثانی کرنی ہے ان حالات میں عوامی توقعات کو پورا کرنا بڑا چیلنج ہے جس پر انشاء اللہ پورا اتریں گے ،عبدالعلیم خان نے بالخصوص پی پی158کی مختلف یونین کونسلوں کو درپیش مسائل کے جلد ازجلد حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہفتے میں کوئی مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ خود اس پر نوٹس لیتے ہوئے سخت کاروائی عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے شعیب صدیقی کو پبلک سیکرٹریٹ کا انچارج مقرر کردیا ہے۔
سینئر وزیر کے اعلان کے بعد دھرمپورہ وارڈ6،ریلوے کالونی ،تاج پورہ ،پھاٹک ایریا اور مختلف علاقوں سے لوگوں نے مسائل کی نشاندہی کی جن کے فوری حل کا یقین دلاتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اسلام آباد اور لاہور میں حکومتی مصروفیات کے باعث کچھ عرصہ دور ضرور رہے ہیں لیکن پی پی158کے لوگوں سے اُن کا سیاسی نہیں ۔فیملی کا رشتہ ہے اور وہ کسی کے دکھ درد میں پیچھے نہیں رہیں گے ،حاجی تسنیم شفیع ، ملک جاوید یوسف ، لالہ رفیق ، راشد صدیق کھوکھر ، سلیم شبراتی ، اکبر بھولا ،امیر اعوان او ر مبین کمبوہ بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ سابق امیدوار پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور میاں افتخار نے بھی شرکت کی۔ تمام شرکاء نے سینئر وزیر کے اقدام کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ دیگر ممبران اسمبلی سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کریں جس سے نہ صرف عوام کے مسائل حل ہوں ۔ بلکہ صوبے بھر میں پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ بھی ہوگا ۔ کھلاڑیوں کے مطابق ایسے بروقت اقدامات سے ہی کپتان کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد یقینی بن سکےگا ۔ اور پارٹی کا نصب العین بھی پایہ تکیمل تک پہنچ پائے گا۔