افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابل کے مغربی علاقے میں کار میں سوار خودکش بمبار نے گاڑی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دی جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق کابل کے مغربی علاقے میں ڈپٹی گورنمنٹ چیف ایگزیکٹو محمد محقق کی رہائش گاہ کے قریب دھماکا کیا گیا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں وزارت کان کنی کی منی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خودکش حملے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم حکام نے حملے میں 35 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کابل میں یہ تیسرا بڑا خودکش حملہ ہے جب کہ اس سے قبل 31 مئی کو ٹرک حملے کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک اور 450 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔