سورابایا: نڈونیشیا میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 خودکش حملہ آوروں نے انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سورابایا کے پولیس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جب کے چاروں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں کے ہمراہ 8سالہ بچی بھی تھی جو واقعے میں معمولی زخمی ہوئی۔ حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انڈونیشیا میں 24 گھنٹوں کے دوران خودکش حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ روز بھی اسی طرز پر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 6افراد نے مسیحیوں کی تین عبادت گاہوں سانتا ماریا کیتھولک چرچ، انڈونیشین کرسچن چرچ اور پینٹی کوسٹ سینٹرل چرچ کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے گزشتہ روز چرچ گاہوں پر تین خودکش حملوں میں بھی ایک ہی خاندان کے افراد ملوث تھے۔ ماں باپ کے ساتھ 9 اور 12 سال کی دو بیٹیوں اور 16 اور 18 سال کے دو بیٹوں نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا۔ یہ پورا خاندان داعش سے متاثر تھا اور متشدد خیالات رکھتا تھا۔ حملے کے کچھ گھنٹوں بعد گرجا گھروں پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔