رحیم یار خان: چنیوٹ کے نوجوان نے روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی کے بعد چھریوں کے وار کر کے ساس کو قتل کیا اور خود زہریلی گولیاں کھا کر جان دے دی
مختلف شہروں میں 3 لڑکیوں سمیت 7 افراد نے خودکشی کر لی جبکہ 4 افراد نے خو دکشی کی کوشش کی ۔ چنیوٹ میں روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر نوجوان نے چھریوں کے وار سے ساس قتل کرنے کے بعد زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کر لی ۔ ذرائع کے مطابق تھانہ محمد والا کے علاقے مہرن باقر کا رہائشی رضا ولد اللہ دتہ روٹھی بیوی کو منانے ٹھٹھہ منڈی شاہ جیونہ گیا ، ناکامی پر ساس عزیز فاطمہ کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا اور خود زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کرلی۔
چنیوٹ پولیس کے مطابق رضا اپنی بیوی ثمینہ کو قتل کرنے کی غرض سے آیا تھا مگر انجانے میں ساس کو قتل کر دیا ، ملزم نے واردات سے پہلے ہی زہریلی گولیاں کھا لی تھیں ۔ دوسری جانب بدلی شریف کے رہائشی 18 سالہ یعقوب نے گھریلو جھگڑے پر زہر پی لیا ، اسے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا ۔ علاوہ ازیں رحیم یار خان میں خانو داس، حمید ، فیاض احمد اور خمیسہ جی نے خود کشی کی کوشش کی تاہم انہیں بچا لیا گیا ۔ گوجرانوالہ کے نواحی علاقے تتلے عالی میں پسند کی جگہ شادی نہ ہونے پر نوجوان پھندے سے جھول گیا۔
نواحی گاؤں لنڈے شریف کا 21 سالہ انیس ولد عبدالحمید غیر برادری کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا ، باپ کے رضامند نہ ہونے پر اس نے کپڑے سے پھندا لے کر زندگی کاخاتمہ کرلیا ۔ گجرات کے علاقہ دولت نگر کی 23 سالہ ام حبیبہ نے نامعلوم وجوہات پر زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی ۔ ادھر ساہیوال میں دو لڑکیوں اور ایک 18 سالہ طالب علم نے گھریلو تنازع پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی ۔ منٹگمری بسکٹ فیکٹری کالونی کے محنت کش محمد صدیق کی 20 سالہ بیٹی صائمہ نے گھریلو تنازع پر زہریلی گولیاں کھالیں ۔ چک 9-159 ایل میں ایک کاشتکار احمد کی 18 سالہ بیٹی ثنانے گھریلو تنازع پر زہریلی گولیاں کھا لیں ، عارف روڈ فیصل کالونی کے نذیر احمد کے 18 سالہ بیٹے فرخ نذیر نے بھی گھریلو تنازع پر زہریلی گولیاں کھالیں ، تینوں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔