سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں فائر بریگیڈ زبوں حالی کا شکار ہے ،محکمے کےپاس نہ اسنارکل ہے اور نہ ہی آگ بجھانے کے مکمل آلات ہیں۔
سکھر میں محکمہ فائربریگیڈ کے پاس 4گاڑیاں ہیں، جن میں سے 2ناکارہ ہوچکی ہیں،ایسے میں فائر فائٹر حفاظتی سامان کے بغیر ہی آگ بجھانے کی کوششیں کرتے ہیں۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کا اہم ترین شعبہ خستہ حالی کا شکار ہے، شہر میں ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کی صلاحیت سے محرومی نے شہریوں کی حفاظت پر سوالیہ نشان لگا دیاہے۔ فائر آفیسر کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے پاس آگ بجھانے کے آلات کے ساتھ یونیفارم تک نہیں ہے، خود کی حفاظت کے انتظامات تو دور کی بات ہے،ایسے میں ہم شہریوں کی جان کیسے بچائیں گے؟