لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے 31ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں امریکہ اور کینیڈا کے 20 سے زائد شہروں میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم تشدد اور عسکریت پسندی پر یقین نہیں رکھتی، اسکی صفوں میں جرائم پیشہ افراد کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے پھر بھی ملک کی خاطر ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صولت مرزا کے ذریعے ایم کیو ایم پر بیہودہ الزامات لگوا کر دنیا بھر میں ایم کیو ایم کا امیج خراب کرنے کا عمل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہا گیا تھا کہ کراچی میں آپریشن بلاامتیاز ہو گا لیکن ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اب تک ایم کیو ایم کے سو سے زائد کارکنان شہید، سینکڑوں گرفتار اور درجنوں لاپتہ ہیں، الطاف حسین کا کہنا تھا اگر میرے بغیر ایم کیو ایم قبول ہے تو میں تحریک سے الگ ہو جاتا ہوں۔