اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کے متحدہ کی اعلیٰ قیادت پر لگائے الزامات کی تفتیش کیلیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے۔
وفاقی محکمہ داخلہ کے ایک افسر نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ وفاق چاہتا ہے کہ صولت مرزا کے الزامات کی تفتیش کی جائے کہ آیا ان میں کوئی صداقت ہے یا نہیں۔ مجوزہ کمیٹی رینجرز،ایف آئی اے اور سندھ پولیس کے افسران پر مشتمل ہوگی۔
کمیٹی صولت مرزا اور اس کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد اگرضروری سمجھے گی تو متحدہ کے بعض افراد سے بھی پوچھ گچھ کریگی۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر وفاقی سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے محکمہ داخلہ سندھ کواس حوالے سے خط لکھ دیا ہے ۔