کراچی (جیوڈیسک) کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد کے قتل میں سزائے موت پانے والے مجرم صولت مرزا کے اہلخانہ آخری ملاقات کیلیے پیر اور منگل کی درمیانی شب مچھ جیل روانہ ہو گئے۔
صولت مرزاکی اہلیہ ،بھائی اور دو بہنیں مچھ گئی ہیں، صولت مرزاکو پھانسی 19 مارچ کودی جائے گی۔ قبل ازیں صولت مرزاکی اہلیہ نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کو سپریم کورٹ صولت مرزا کی پھانسی کی نظرثانی کی اپیل کی سماعت کرے گا۔ ہم چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کیس کا جائزہ لیں اور قانون کے مطابق فیصلہ جاری کریں۔
انھوںنے کہا کہ ہمیں چیف جسٹس سے امیدہے کہ وہ ہمیں انصاف دلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ افراد خانہ کی تعداد 70 سے زائد ہے۔ بلوچستان کے حالات خراب ہیں، سیکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث ہمیں مچھ جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ ہماری صولت مرزا سے براہ راست ملاقات نہیں کرائی جائیگی بلکہ وڈیولنک پربات کرائی جائے گی۔ یہ ناانصافی ہے۔ انھوں نے بیگم شاہد حامدسے بھی اپیل کی کہ خدارا میڈیا کے سامنے آکر اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کریں تاکہ میرا شوہر پھانسی چڑھنے سے بچ سکے۔