کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری نے صولت مرزا کی جانب سے دیئے گئے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان ایم کیوایم کے خلاف سازش ہے۔
صولت مرزا کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بابر غوری کا کہنا تھا کہ یہ بیان ایم کیوایم کے خلاف سازش ہے، ہمیں علم نہیں کہ ایسا کیوں کیا گیا جب کہ الطاف حسین نے ہمیں کبھی ایسی ہدایت نہیں دی اور نہ پارٹی کی طرف سے اس طرح کی ہدایت دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیں ہمیشہ کام کرنے اور عوام میں جانے کا کہا، صولت مرزا کا بیان ان کی پھانسی سے قبل ایک کہانی بنائی گئی ہے۔
بابر غوری کا کہنا تھا کہ صولت مرزا سے آخری ملاقات اس وقت ہوئی جب میں ایم پی اے تھا تاہم صولت مرزا سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور آج تک میں نے کسی کو بھی اپنے گھر نہیں بلایا کیونکہ پارٹی میں ہمیں کارکن کو گھر بلا کر ڈیل کرنے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صولت مرزا پر کیس ایک عرصے سے چل رہا تھا لیکن آخری وقت میں ہی یہ بیان کیوں دیا گیا، اس بیان سے متعلق قانونی چارہ جوئی کروں گا اور اس میں ہر قسم کی تحقیقات میں پیش ہونے کو تیار ہوں۔