یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری تیار۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کو جواز بنایا گیا ۔
لاہور: ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ ماہ کے لئے اضافے کی سفارش کر دی ہے جس کی سمری وزارت پٹرولیم کو دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 50 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہیں ۔ جس کی وجہ سے یکم نومبر سے مقامی طور پر بھی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے 69 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ مٹی کا تیل بھی تین روپے 97 پیسے مہنگا کیا جائے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت چار روپے 47 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے تاہم پٹرول کی قیمت میں سب سے کم 85 پیسے فی لٹراضافے کی سفارش ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم سے وزارت خزانہ بھیجی جائے گی جس پر وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرے گی ۔ حکومت سیاسی حالات کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کر رہی۔