انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں آسمان کا نظارہ کرنے والوں نے ’’سپر مون‘‘ کے جلوے دیکھے، گزشتہ شب چاند زمین کے قریب آجانے کے باعث معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آیا۔
رپورٹس کے مطابق چاند کو معمول کی بہ نسبت7فیصد زیادہ بڑا اور 15فیصد زیادہ روشن نظر آیا، حالانکہ یہ فرق انسانی آنکھ سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ مکمل چاند ٹھیک 15بجکر47 منٹ جی ایم ٹی پر دیکھا گیا، رائل آسٹرونومیکل سوسائٹی کے رابرٹ میس نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ نصف شب کو جب چاند افق پر بلند ترین مقام پر پہنچے گا تو یہ زیادہ بڑا اور روشن نظر آئے گا۔ قبل ازیں سپر مون2016ء میں دیکھا گیا تھا جوکہ1948ء کے بعد پہلا دلکش نظارہ تھا، شکاگو کے اڈلر پلانٹیریم پر ڈائریکٹر پبلک آبزرونگ مائیکل نیکولز کے مطابق چاند کا زمین سے فاصلہ2.22.135کلو میٹر تھا۔ گزشتہ شب دیکھا جانے والا مکمل چاند مسلسل دکھائی دینے والے تین سپر مون کی سیریز کا پہلا چاند تھا۔ تحقیقی ماہرین کے مطابق اگلے دو سپر مون آئندہ سال جنوری میں نظر آئیں گے۔