احتجاجی تحریک کا دائر کار ملک بھر میں پھیلائے جائے گا،وکلا ہر جمعرات کو احتجاجی ریلی نکالیں گے:فیصلہ
لاہور: سپریم کورٹ بار اور لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے پاناما کیس کے حوالے سے وکلا کنونشن آغاز سے قبل ہی شدید ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گیا۔ ن لیگ کے حامی وکلا وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ہال میں داخل ہوئے تو مخالف وکلا بھی پیچھے نہ رہے،ہائیکورٹ میں وکلا کے نعرے گونجتے رہے،دھکم پیل سے ہال کے شیشے ٹوٹ گئے،تالے توڑے گئے ،کرسیاں بھی اٹھا کر پھینک دی گئیں۔
وکلا رہنماؤں نے وزیر اعظم کے فوری استعفی کے مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلانے کا اعلان کر دیا،ہائیکورٹ بار کے تحت وکلا نے ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلا کے اقدام کے خلاف جی پی او چوک پر احتجاجی دھرنا بھی دیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز آج سے شروع کر دیا گیا ہے،مال روڈ پر ٹریفک جام سے شہریوں کو دشواری کاسامنا رہا۔