اسلام آباد (یس ڈیسک) سپریم کورٹ 21ویں آئینی ترمیم کے خلاف آئینی درخواستوں کی پہلی سماعت آج کرے گی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3رکنی بینچ لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور دیگر کی طرف سے 21ویں آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
لاہور ہائی کورٹ بار کی طرف سےآئین کے آرٹیکل 184تین کے تحت دائر آئینی درخواست میں وفاق ، اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21آئینی ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے اور بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔
لہذا عدالت اسے کالعدم قرار دے۔ادھر پاکستان بار کونسل نے متفقہ طور پر21 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وکلاء 29جنوری کو یوم سیاہ منائیں گے اور ملک گیر احتجاج بھی کریں گے۔