اسلام آباد(یس اردو نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے بیرون ملک سے ڈیم فنڈ میں آنے والی رقوم کی تفصیلات اسٹیٹ بینک سے طلب کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے بیرون ملک سے ڈیم فنڈ میں آنے والی رقوم کی تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ اسٹیٹ بینک حکام نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم فنڈ اسٹاک ایکسچینج میں انوسٹ کیا جائے تو زیادہ منافع کے ساتھ خطرہ بھی ہوگا۔ڈیم فنڈ کا پیسہ جہاں انوسٹ کیا گیا ہے وہاں نفع بھی ٹھیک ہے اور سیکیورٹی بھی ہے۔
اسٹیٹ بینک حکام نے مزید کہا کہ ڈیم فنڈ میں رقم جمع کرانے کے حوالے سے ایمبیسیز کو خط لکھ دیے گئے ہیں جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ خط لکھنے سے کیا ہوگا، کسی سے فون پر بات کریں ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کوئی پاکستانی ایسی جگہ سے پیسے بھیجنا چاہتا ہو جہاں پاکستانی بینک نہ ہو، تو ایسی صورت میں متعلقہ سفارتخانوں کو رقوم کی پاکستان منتقلی کا پتہ ہونا چاہئے۔
چیف جسٹس نےاستفسار کیا کہ مہمند ڈیم پر تعمیر کی کیا صورتحال ہے تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ مہمند ڈیم کی منظوری سی ڈی ڈبیلو پی کے پاس زیر التواء ہے۔ واپڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مہمند ڈیم پر کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔مہمند ڈیم کا پہلا یونٹ 2024 میں آپریشنل ہو جائے گا۔ چیئرمین واپڈا نے عدالت کو بتایا کہ مہمند ڈیم کے تینوں یونٹ جولائی 2025 میں مکمل ہو جائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کا کنٹریکٹ تو پہلے ہی دیا جا چکا ہے جس پر واپڈا کے وکیل نے بتایا کہ دیامیر بھاشا ڈیم پر کام شروع ہو چکا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر کب مکمل ہوگی تو چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ بھاشا ڈیم جولائی 2028 میں مکمل ہوجائے گا۔