متاثرین جنوبی وزیرستان کی بڑے پیمانے پر واپسی شروع ہو چکی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار سالوں میں صرف چالیس دیہات کے لوگوں کو واپس بھیجا گیا جبکہ اس فیز میں ایک سو تین دیہاتوں کی آباد کاری ہو گی۔
جنوبی وزیرستان: (یس اُردو) ٹی ڈی پیز کی اپنے آبائی گھروں کو واپسی کے تیسرے مرحلے میں 7348 خاندانوں کے 44527 افراد خرگی کیمپ سے جنوبی وزیرستان کے علاقہ تیارزہ اور سروکئی کو روانہ ہوئے تو جنوبی وزیرستان کے پی اے ظفر الاسلام انہیں الوداع کہنے والوں میں شامل تھے۔پاک آرمی کے جوان متاثرین کی واپسی کو سہل بنانے میں ہمہ تن مصروف نظر آئے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کر کے قبائلی ماؤں کی دعائیں لیتے رہے۔وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور وہاں پھر سے زندگی کے دھارے کی بحالی پر قبائلی بہن بھائی انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔ بحالی امن کے بعد ٹی ڈی پیز کی واپسی کے مشکل عمل کو پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی مشترکہ مساعی نے ممکن کر دکھایا۔