کراچی: سندھ اور جنوبی پنجاب کی طرح شہر قائد بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ پارہ بھی مسلسل چڑھتا جارہا ہے۔
کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے میدانی علاقوں سے آنے والے ہوا کے گرم تھپیڑوں سے مسلسل تیسرے روز درجہ حرارت 40 سے تجاوز کرگیا ہے، شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے تاہم ہیٹ اسٹروک کا خدشہ نہیں لیکن اس کے باوجود شہری احتیاط برتیں اور شام 4 بجے تک اپنے گھروں یا دفاتر سے باہر نہ نکلیں، باہر نکلنے کی صورت میں اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اس کے ساتھ ساتھ اپنے ہمراہ پانی یا کوئی مشروب بھی رکھیں تاکہ وقفے وقفے سے اس کا استعمال کیا جاسکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک بدین، بہاولپور، بھکر، جوہر آباد اور کراچی میں 40، خانپور کوٹ ادو اور مٹھی میں41، تربت 42، حیدرآباد، لسبیلہ اور پڈ عیدن میں 43، دادو، لاڑکانہ، موئن جوڈارو اور بنیظرآباد میں 44 جب کہ چھور اور رحیم یار خان میں45 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔