counter easy hit

سوات کا تاریخی عجائب گھر

Swat

Swat

تحریر : فضل خالق خان
پاکستان کا سوئٹزر لینڈ” سوات” جو مختلف حوالوں سے اپنی انفرادیت رکھتا ہے اور یہی خصوصیات اسے ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں ممتاز رکھے ہوئے ہے،آج ہم آپ کو سوات کے تاریخی عجائب گھر کی سیر کراتے ہیں، مختلف تہذیبوں کو اپنے اندر سموئے سوات میوزیم جو کشید گی کے دوران تباہی سے دوچار ہوا تھا کی رونقیں ایک بار پھر لوٹ آئی ہیں ،قیمتی پتھروں سے بدھ مت دور کے مجسمے ہوں یا گندھارا تہذیب ،ہندوشاہی اور اشوکا دور کے نوادرات ہوں یا مسلم ادوار کی نشانیاں ہوں سب اس میوزیم کی زینت ہیں۔ 2008 ء میں دہشت گردوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والی سوات میوزیم کی عمارت کو اطالوی حکومت کی تعائون سے دوبارہ تعمیر کرکے عوام کی تفریح طبع کی خاطر کھول دیاگیا ہے ۔ سوات میوزیم کا ا فتتاح 1963ء میں اس وقت کے صدر فیلڈ مارشل ایوب خان نے کیا تھا۔ سوات میوزیم نہ صرف ہزاروں سال پرانی نوادرات کا خزانہ ہے بلکہ یہ کئی ایک تہذیبوں کی تاریخ اور ثقافت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

سوات کے تاریخی عجائب گھر کی کہانی اس وقت سے شروع ہوتی ہے جب 1955ء میں ایک اطالوی ماہر آثار قدیمہ مسٹر ٹوچی سیر وتفریح کی غرض سے اپنی ذاتی جیپ پر سوات آئے اور مختلف مقامات کی سیر کے دوران انہیں یہاں کی سرزمین پر موجود مختلف تہذیبوںا ورثقافتوں کے آثار کا ادراک ہوا جس پر اس نے سوات میں آثار قدیمہ کی تلاش میں دل چسپی لی ۔اس کے بعد انہوں نے ا س وقت کے ریاست سوات کے حکمران والئی سوات سے تاریخی مقامات کی کھدائی کی اجازت مانگی، چونکہ والئی سوات خود بھی سوات کو خوب سے خوب تر بنانے کے خواہش مند تھے اور انہوں نے اس وقت بھی ایسے اقدامات کئے تھے جس کے بارے میں آج کے جدید دور میں صرف تصور ہی کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مسٹر ٹوچی کو بخوشی ان مقامات کی کھدائی کی اجازت دی بلکہ اس حوالے سے مناسب سہولیات بھی فراہم کیں، 1959 ء میںمختلف مقامات پر پرانی تہذیبوں پر پڑے دبیز پردے کو ہٹانے کے لئے کھدائی کا کام شروع کیا گیا جس میں مسٹر ٹوچی کو اچھی خاصی کامیاب حاصل ہوئی۔ مسٹر ٹوچی نے ان مقامات سے مختلف تہذیبوں کی برآمد ہونے والی نوادارت کو محفوظ اور لوگوں کی دلچسپی کے لئے سوات میوزیم کی بنیاد اسی سال رکھی۔ مختلف مقامات سے برآمد شدہ مختلف اقوام کی تہذیبوں کے آثار برآمد ہو نے کے بعد انہوں نے باقاعدہ طورپر انہیں سوات میوزیم(عجائب گھر) کا حصہ بناتے ہوئے انہیں یہاں رکھنا شروع کیا ۔

Pakistan

Pakistan

اس کے بعد مسٹرٹوچی نے والئی سوات کی اجازت سے اس عجائب گھر کے باقاعدہ افتتاح کا پروگرام بنایااور افتتاحی پروگرام منعقد کرتے ہوئے اس وقت کے صدرِ پاکستان فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کو اس عجائب گھر کے افتتاح کی دعوت دے دی جسے قبول کرتے ہوئے ایوب خان سوات آئے اور 10نومبر 1963ء کو اس تاریخی عجائب گھر کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کی ضلعی کچہری سے متصل سوات میوزیم کی خوبصورت عمارت دور سے ہی دیکھنے والوں کو دعوت نظارہ دیتی ہے ۔ سوات میوزیم کی عمارت 44کنال کی اراضی پر مشتمل ہے جس میں مختلف قسم کی نواد رات کورکھنے کے لے 9 گیلریاں بنائی گئیں ہیں اور ان گیلریوں میں مختلف تہذیبوں کے سوات کی سرزمین سے برآمد شدہ مختلف قسم کی نوادرات جن میں مجسمے ، سکے، کھانے پینے کے برتن ، آلات موسیقی ،ہتھیاراور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کو بڑے قرینے سے رکھا گیا ہے۔

سال1959ء میں جس زمین پر سوات میوزیم کے خوبصورت عمارت کی بنیاد رکھی گئی تھی اس میں بعد ازاں 1992ء میں جاپان کی حکومت کی تعائون سے توسیع کی گئی۔ اس دوران مختلف ممالک سے آئے ہوئے ماہرین آثار قدیمہ بھی سوات کی تاریخی سرزمین پر مسلسل کھدائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے مختلف تہذیبوں کے آثار اکھٹا کرتے رہے اور ان سب کو لاکر سوات عجائب گھر کی زینت بڑھاتے رہے۔ بدقسمتی سے اس دوران سوات میں حالات کشیدہ ہوگئے ہرطرف کشت وخون کا بازار گرم ہوااور امن کی دھرتی سوات کی سرزمین کو نہ جانے کس کی نظر لگی کہ روز کہیں نہ کہیںپہ بم دھماکے ہوتے رہے جس کی زد میں آکر سوات کا تاریخی عجائب گھر بھی بری طرح متاثر ہوا۔ 16 فروری 2008ء کو عجائب گھر کی عمارت کے قریب ایک خودکش حملے میں سوات میوزیم کی عمارت کوشدید نقصان پہنچا اور یہ عمارت استعمال کے قابل نہیں رہی تاہم عمارت کی تباہی کے بائوجود نوادرات محفوظ رہے ۔چونکہ میوزیم کی عمارت بری طرح مخدوش ہوچکی تھی اور اس میں موجود قیمتی نوادرات کو محفوظ رکھنے کیلئے اس وقت کوئی دوسری عمارت دستیاب نہیں تھی اور خدشہ تھا کہ اگر ان نوادرات کو مزید اس عمارت میں رکھا گیا یا انہیں کہیں محفوظ نہ کیا گیا تو مختلف تہذیبوں کی یہ قیمتی تاریخ ضائع ہوسکتی ہے بدیں وجہ حکومت نے سوات میوزیم کی تمام نوادرات کو محفوظ رکھنے کیلئے ٹیکسلا میوزیم میں عارضی طوپر منتقل کیا ۔سوات میں فوجی آپریشن کے بعد حالات نارمل ہونے کے بائوجودیہ قیمتی نوادرات تقریباًتین سال تک ٹیکسلا میں رہے اور عمارت (میوزیم) کی عدم دستیابی کے باعث سوات منتقل نہ ہوسکے ۔

Swat Museum

Swat Museum

بھلا ہو ملک میں آٹھویں ترمیم کے نفاذ کا جب سال 2011 میں آٹھویں ترمیم کے تحت یہ محکمہ ایک بار پھر صوبو ں کے حوالے کیا گیا جس کے بعد سال 2012ء میں ایک با ر پھر اطالوی حکومت نے سوات میوزیم کی دوبارہ تعمیر کا بیڑہ اُٹھایا اور صرف ایک سال کے قلیل عرصہ میں اس عمارت کی دوبارہ تعمیر سمیت اس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا گیا جس کے بعد سوات میوزیم کے تمام نوادرات کو ایک بار پھر سال 2013 ء میں ٹیکسلا میوزیم سے سوات میوزیم منتقل کرلیا گیا ۔ سوات کے تاریخی عجائب گھر میں 3500 قبل مسیح سے لے کر 1100 بعد مسیح دور کے قیمتی نوادرات اب بھی موجود ہیں جو مختلف مقامات سے کھدائی کے دوران حاصل کئے گئے ہیں۔ اس میوزیم کی سب سے بڑی خاصیت بلکہ انفرادیت یہ ہے کہ اس میں موجود تمام تر نوادرات زمینی کھدائی سے حاصل شدہ ہیں جو پاکستان کے دیگر کسی عجائب گھر کی خاصیت نہیں ہے۔اس عجائب گھر میں 2000 سے زائد نوادرات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے دیگر علاقوں میں موجود 21 تاریخی مقامات بھی اس میوزیم سے منسلک ہیں جہاں سے حاصل شدہ نوادرات کا بیشتر حصہ اب بھی سوا ت میوزیم میں محفوظ کیا جاتا ہے ۔سوات میوزیم میں رکھے گئے نوادرات میں سے 40 فیصد نوادرات خیبر پختونخوا کے مختلف آثار قدیمہ کے علاقوں سے حاصل شدہ نوادرات پر مشتمل ہیں۔ جبکہ ملک کے دیگر حصوں سے ذکر شدہ تہذیبوں کے نوادرات بھی یہاں لاکر محفوظ کئے جاتے ہیں ۔

سوات میوزیم میں پتھر کے زمانے کے اوزار بھی موجود ہیں جنہیں دیکھ کر انسان کی عقل آج بھی دنگ رہ جاتی ہے کہ اس دور میں جب وسائل کا نام ونشان بھی نہیں تھا ‘ حضرت انسان نے اپنی دفاع کے لئے کیا کچھ نہیں کیا تھا ۔ ان قیمتی نوادرات میں اگر ایک جانب گندھارا تہذیب کے آثار موجود ہیں تو دوسری جانب بدھ مت کے آثار سے متعلق نوادرات بھی موجود ہیں۔ سکندراعظم کی فتوحات کی داستان سناتے ہتھیار بھی موجودہیں تو محمود غزنوی دور کے نوادرات بھی آج کے انسان کی آنکھیں خیرہ اور عقل دنگ رہ جانے کے لئے موجود ہیں۔ سوات کے مختلف مقامات سے برآمد شدہ ان مختلف تہذیبوں اور ادوار کے سکے بھی دیکھنے والوں کو حیران کردیتے ہیں۔یہاں اس دور کے آلات موسیقی بھی موجود ہیں جس سے یقینی طورپر اس دور کے انسان خوشی کے لمحات کو دوبالا کرتے تھے۔ یہاں پر بدھ مت دور کی اشیاء موجود ہیں تو قبروں پر رکھے جانے والے لکڑی کے جنگلے اور لکڑی کے تابوت بھی محمود غزنوی دور کے تاریخ کا پتہ دیتے ہیں۔اسلامی دور کے لکڑی کے جائے نماز جنہیں یہاں کی مقامی زبان میں ”تخت پوش” کہا جاتا ہے جوآج تک اسی حالت میں موجود ہیں اور حوادث زمانہ نے ان کا کچھ بھی نہیں بگاڑا ہے ۔سوات میوزیم میں اس دور کے مکانوںکو تعمیر کرنے کے لئے لکڑی کے ستونوں کے نمونے بھی موجود ہیں جن پر اس دور کے نقاشوں نے عمدہ نقاشی کررکھی ہے۔ قیمتی پتھروں پر کندہ انسانی معاشرت کے مختلف پہلووں کے ہندوشاہی دور کے مجسموں کی شکل میں ایسی عکاسی کی گئی ہے جسے دیکھ کر اس دور کے فنکاروں کی فن کاری پر رشک آجاتا ہے ۔

یہاں پر ایک چیز کا اگر ذکر نہ کیا جائے تو بہت بڑی زیادتی ہوگی ۔ اس میوزیم کو بنانے والے مسٹرٹوچی جو اطالوی نژاد تھا نے اس میوزیم کوقائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اس کے بعد والئی سوات بھی یقینی طورپر داد وتحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے سوات کے باسیوںکو یادماضی سے جڑے رکھنے کے لئے مسٹر ٹوچی کا ساتھ دیا، مسٹر ٹوچی کے یادگار کے طورپر اس کی وہ جیپ جس پر بیٹھ کر وہ 1955ء میں سوات آئے تھے کو بھی سوات میوزیم کے نوادرات کا حصہ بنا کر میوزیم کی سیر کرنے والوں کی دل چسپی کے لئے رکھا گیا جسے سوات میوزیم میں آنے والے خصوصی طورپر دیکھتے ہیں اور اس کے ساتھ تصویریں نکال کر دوستوں کو دکھاتے ہیں۔ سوات میں پرانی تہذیبوں کے آثار کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سوات اور ملحقہ علاقوں میں تقریباً دو ہزار سے زائد مقامات ایسے ہیں جن میں پرانی تہذیبیں پنہاں ہیں لیکن ان میں سے اب تک صرف اکیس یا بائیس ہی کو دریافت کیا جاسکا ہے جبکہ باقی پر تاحال وقت کا پردہ پڑا ہوا ہے جس کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے، اس میوزیم کی دوبارہ بحالی کے بعد ایک اور چیز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے اور وہ ہے فوجی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور سوات کی عوام کے ان شہداء کی یادگار’ جنہوں نے ملکی بقاء کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔الغرض سوات کی سیر کرنے والے اگر اس تاریخی میوزیم کی سیر نہ کریں تویقینی طورپر ان کی سوات یاترا بے معنی رہے گی۔

Fazal Khalilq Khan

Fazal Khalilq Khan

تحریر : فضل خالق خان