سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار ہے،چوتھے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان 55رنز بنالئے، 465رنزکے ہدف کے تعاقب میں اسے مزید 410رنز کی ضرورت ہے اور 9وکٹیں ابھی باقی ہیں۔اظہر علی 11 اور یاسر شاہ 3رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین شرجیل خان نے 40رنز بنائے۔
اس سےپہلے پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 538رنز کے جواب میں315رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں سینئربیٹسمین یونس خان کے ناقابل شکست 175رنز شامل ہیں۔ہیزل ووڈ نے 4، لائیون نے تین جبکہ اسٹارک اور اسٹیو او کوفی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار ہوئی تاہم آسٹریلوی کپتان اسمتھ نےدوسری اننگز شروع کرنا مناسب سمجھا،آسٹریلوی بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں دھواں دار بیٹنگ کی اور صرف 2وکٹوں کے نقصان پر241رنز جڑ دیئے،اسمتھ نے اننگز ڈکلیئر کی تو پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 465رنز کا مشکل ہدف ملا۔عثمان خواجہ نے ناقابل شکست 79،اسمتھ نے 59اور وارنر نے تیزرفتار 55رنز بنائے۔یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر55رنز بنالئے تھے، اظہر علی 11اور یاسر شاہ 3رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔کل ٹیسٹ کا آخری دن ہے۔