کراچی: ہدایت کارسید نور نے نئی فلم’’چین نہ آئے‘‘بنانے کا اعلان کردیا جس کا اعلان انھوں نے گذشتہ شام کراچی کے مقامی ہوٹل میں فلم کی افتتاحی تقریب سے کیا۔تقریب میں انڈسٹری کے معروف سینئرفنکاروں نے شرکت کی۔
سید نور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوتے کہا کہ سینئر اور نئے لوگوں کواپنے ساتھ ملاکر کام کررہاہوں، ملکرفلم انڈسٹری کو مضبوط کرنا ہوگا، کراچی سے اپنی نئی فلم کاآغاز کرنے جارہے ہیں ہمیشہ نئے موضوعات پر تخلیقی کام کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔ فلم کا آغاز بیگم سلمیٰ وحید مراد نے کلپ دے کرکیا۔ اس موقع پر سینئر اداکار مصطفی قریشی ، ندیم بیگ، بہروزسبزواری، عتیقہ اوڈھو، دانش نواز، عادل مراد، شہروزسبزواری و اہلیہ، سحرش خان، اسلم شیخ ، شجاع سمیع، ندیم مانڈیوالا سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔سید نور نے کہاکہ اپنی نئی فلم میں ان فنکاروں کو کاسٹ میں شامل کیا ہے جسے دیکھ کر شائقین فلم کی تعریف ضرور کرینگے ، فلم بناتے وقت فنکاروں کاانتخاب ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے فلم کے مرکزی کرداروں میں ملک کے چاکلیٹی ہیرو وحیدمراد کے صاحبزادے عادل مراد کوایک منفر اندازمیں پیش کیاجائے گا جب کہ شہروزسبزواری اور صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی نواسی سحرش خان اہم کردار اداکرینگی جب کہ دیگر فنکاروں میں مصطفی قریشی، ندیم بیگ، بہروزسبزواری، عتیقہ اوڈھو، دانش نواز کا انتخاب کیاگیاہے جب کہ مہمان اداکارہ صائمہ نور بھی شامل ہیں۔