آٹا چینی میں اربوں کی کرپشن کی رپورٹس آنے پر وزیراعظم کرپٹ لوگوں کو پھانسی چڑھانے کا وعدہ پورا کریں ، زاہد عباس شاہ
برلن؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سید زاہد عباس شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کی موجودگی سے انکار نہیں کیا جاسکتا مگر موجودہ حکومت جس طرح اندھیرے میں تیرتکے چلاتی رہی ان میں سے ایک تیر ان کی اپنی پیشانی میں پیوست ہوچکا ہے جو اب تاریخ کاحصہ بنا چکا ہے اور جب تک پی ٹی آئی رہیگی پارٹی کے ماتھے پر بے دریغ کرپشن کا ٹیکا سجا رہیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جذبات میں آکر اپوزیشن کیلئے بہت کچھ کہا اور یہاں تک کہ پارلیمانی آداب بالائے طاق رکھتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ بھی ملانے کے روادار نہ ہوسکے ۔ کاش یہی معیار اب بھی نظر آسکتا اور وزیراعظم نے دوست ملک چین میں خطاب کے دوران جو کرپٹ لوگوں کو پھانسی دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اب انھیں موقع مل چکا ہے بسم اللہ کریں اور تاریخ میں اپنا نام اپنے ہی ارد گرد بیٹھے کرپٹ لوگوں کو پھانسی دیکر روشن کرلیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین میں کرپشن خاتمے کیلئے گھر سے صفائی مہم کا آغاز بہت درخشاں مثال ہے اگر وزیراعظم آج اپنے گھر صفائی نہیں کرسکتے تو پھر یہ بھی اسی گلے سڑے سسٹم کا بدترین حصہ بن کر رہیں گے