برلن، پاکستان پیپلز پارٹی کا 52واں یوم تاسیس گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریہ اورفکر کی جلا ہے، خاتمے کا سوچنے والے خود بے نام ونشان ہوگئے، زاہد عباس شاہ
برلن/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سید زاہد عباس شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلاشبہ پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے اورانشااللہ ہمیشہ رہیگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا 52واں یوم تاسیس گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریہ اور ایک فکر کی جلا کا نام ہے جس نے پاکستانی سیاست میں درخشاں روایات قائم کیں اور ان کی امین بنی رہی اور انشااللہ رہیگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کا سوچنے والے آج بے نام ونشان ہیں ۔ کبھی محترمہ شہید کو دبائو کا شکار کرنے کیلئے ان کے شوہر کو قید کرلیا جاتا تھا اور ان کو بچوں کیساتھ عدالتوں میں پیشیوں پرمجبور کیا گیا۔ آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بدترین دبائو کا شکار کرنے اورمرضی کے فیصلے لینے کیلئے ان کے والد شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بغیر جرم ثابت کیے پابند سلاسل رکھا جارہا ہے اور محترمہ فریال تالپور کو بھی انتہائی بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 52ویں یو تاسیس کے موقع پر ہر جیالے کا عزم ہے کہ ہر طرح کے حالات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا دست وبازو بن کر پاکستان میں جمہوریت کی سربلندی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔