شام کے شہر حمس کے فوجی اڈے پر حملے کی نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
امریکا اور فرانس کی جانب سے خبردار کیے جانے کے بعد حمس میں شامی فوج کے ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا، شامی فوج اور روسی وزارت دفاع نے ٹی فور بیس پر حملے کا الزام اسرائیل پر لگایا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق فوجی اڈے پر حملے میں 8 میزائل داغے گئے جس میں سے 5 کو شامی دفاعی فورسز نے مار گرایا۔
روس فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیٹ طیاروں نے لبنانی فضائی حدود سے حملہ کیا تاہم اسرائیلی جیٹ پہلے بھی ٹی فوربیس کو نشانہ بناچکےہیں۔
محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بیس پر روسی فورسز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوسری جانب شام میں مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج رات طلب کیا گیا ہے۔
دو روز قبل شام کےعلاقے مشرقی غوطہ میں مبینہ حکومتی فورسز کے کیمیکل بم حملے میں ستر سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں متعدد بچے بھی شامل تھے۔