شام نے شدت پسند تنظیم داعش پر حکومتی افواج کے خلاف مسٹرڈ گیس استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ادھر باغیوں نے حلب میں سرکاری جنگی طیارہ مار گرانے کے بعد پائلٹ کو پکڑ لیا ہے۔
دمشق: (یس اُردو) شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق داعش کے شدت پسندوں نے دیر الزور کے فوجی ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملہ کیا جن میں مسٹرڈ گیس تھی۔ داعش نے دو لاکھ افراد پر مشتمل آبادی والے دیر الزورکا گذشتہ کئی ماہ سے محاصرہ کر رکھا ہے۔ دوسری جانب صوبہ حلب میں النصرہ فرنٹ سے تعلق رکھنے والے باغیوں نے ایک سرکاری جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔ سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ طیارے کو میزائل سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہاں ریسکیو آپریشن جاری تھا۔