سبز آنکھوں کی وجہ سے بین الاقوامی شہرت پانے والی افغان خاتون شربت گلہ کی رہائی اور حوالگی کے معاملے پر خیبرپختونخوا اور افغان حکومت آمنے سامنے آ گئیں۔
افغان حکومت نے شربت گلہ کی فوری حوالگی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ کے مطابق شربت گلہ فی الحال افغانستان جانا نہیں چاہتی ، ان کے قیام کی مدت بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔
افغان سفارت کار محمد نسیم کاکڑ کی قیادت میں افغان وفد نے پشاور میں محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے حکام سے ملاقات کی ،وفد نے شربت گلہ کو افغان حکام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رہائی کے بعد ہم شربت گلہ کوگاڑی میں بیٹھا کر خود طورخم بارڈر پر لے کر جائیں گے،افغان صدر اشرف غنی خودکابل کے صدارتی محل میں شربت گلہ کا استقبال کریں گے،افغان وفد کا موقف تھا کہ شربت گلہ پاکستان میں رہنا نہیں چاہتی۔
محکمہ داخلہ کے حکام نے افغان وفد کو بتایا کہ شربت گلہ نے پاکستان میں رہنے کی درخواست دے رکھی ہے۔ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیجا ہے کہ شربت گلہ کو چند ماہ پاکستان میں رہنے دیا جائے۔