لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ٹھوکریں کھاتا نومبر تک جا پہنچا، پی سی بی اور کرکٹرز کی مصروفیات کے سبب آئندہ ماہ انعقاد کا فیصلہ بھی برقرار نہ رہ سکا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ رواں ماہ کے آخرے ہفتے ملتان میں شروع کرنے اور باقی میچز آئندہ ماہ فیصل آباد میں کرانے کا پلان بناتے ہوئے ٹیموں کا انتخاب بھی مکمل کرلیا گیا تھا، بعد ازاں اطلاعات ملیں کہ انتظامی مشکلات کی وجہ سے ملتان میزبانی سے محروم ہوگیا اور ڈومیسٹک ایونٹ 4سے 19ستمبر تک فیصل آباد میں ہوگا، مقامی ایسوسی ایشن کو تیاریوں کی ہدایت بھی کردی گئی، پی سی بی اور کرکٹرز کی مصروفیات کے سبب ایونٹ کا آئندہ ماہ انعقاد بھی ممکن نہیں ہوسکے گا۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اب 4 سے 19نومبر تک شیڈول کیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ قبل ازیں ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تو ورلڈ الیون کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں تھی،3ٹی ٹوئنٹی میچز میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی میزبانی کے بعد ضمنی الیکشن ہیں،قومی ٹیم کو سری لنکا کیخلاف یواے ای میں سیریز کیلیے بھی روانہ ہونا ہے،تربیتی کیمپ بھی ہونگے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ قومی کرکٹرز لاہور میں فٹنس ٹیسٹ کے مراحل سے گزرنے کے بعد کائونٹی اور لیگز کھیلنے واپس جا سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ نومبر میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ختم ہوتے ہی ویست انڈیز کیخلاف سیریز کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی،اس صورتحال میں مناسب یہی تھا کہ شیڈول تبدیل کردیا جائے۔