لاہور: پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دیدی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم نے 6 وکٹوں پر 129 رنز بنائے، اوپنر سنجی وانی 61 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئیں، ڈی سلوا 35 پر ناقابل شکست رہیں، کپتان جیانگنی نے 10 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بیٹسمویمن ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور ثنا میر نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں گرین شرٹس نے 130 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل حاصل کیا، جویریہ خان 52 اور کپتان بسمعہ معروف 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، قومی ٹیم کو آخری اوور میں 4 رنز درکار تھے اور 2 وکٹیں باقی تھیں، پہلی گیند پر سنگل بنی جب کہ دوسری گیند پر رن لینے کی کوشش میں ڈیانا بیگ رن آﺅٹ ہو گئیں، ڈیبیو کرنے والی غلام فاطمہ نے ایک گیند قبل چوکا لگاتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا، انہوں نے 3 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ سوگندیکا کماری نے 3 جب کہ نیپونی ہنسیکا، اوشادی راناسنگھے اور سری وردنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔