ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم معرکہ میں شاہین تاریخ بدلنے میں ناکام رہے اور ایڈن گارڈنز میں کُھل کر نہ کھیل سکے ۔ بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کی کڑوی گولی کھانا پڑی۔
کولکتہ (یس اُردو) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈٖیم میں زور کا جوڑ پڑا ۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔ بھارت کو 14 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب روہت شرما محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 23 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ گری جب محمد سمیع نے شیکھر دھون کو بولڈ کیا اس کے بعد آنے والے رائنا کو بھی صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔ 84 رنز پر چوتھی وکٹ یوراج سنگھ کی گری جب وہ وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یوراج سنگھ اسکور بورڈ میں 24 رنز کا اضافہ کر سکے۔ ویرات کوہلی 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد سمیع نے 2 جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور احمد شہزاد نے کیا۔ 38 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ شرجیل خان 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ احمد شہزاد کی گری اور وہ 25 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے اور بھمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد نے بھارت کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کر کے پانچویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔ شاہد آفریدی کا بلا روایتی حریف کے خلاف رنز اُگلنے میں ناکام رہا اور وہ 8 رنز بنا کر ہردیک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 101 رنز پر قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ گری جب عمر اکمل دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور وہ اسکور بورڈ میں صرف 22 رنز کا اضافہ کر سکے ۔ اسکور بورڈ میں 4 رنز کے اضافے کے بعد شعیب ملک بھی چلتے بنے اور وہ 26 رنز بنا سکے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 118 رنز جوڑے۔ بھارت کی جانب سے اشیش نہرا ، ہردیک پانڈے، رائنا، رویندرا جڈیجا اور بھمرا نے ایک ، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔