میرپور……پاکستان ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں آج اہم ترین میچ بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا،گرین شرٹس کو فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے لازمی فتح درکار ہے، شکست کی صورت میں اسے واپسی کا راستہ دیکھنا ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پربنگلہ دیش 4پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن میں ہیں، اس میچ میں فتح بنگال ٹائیگرز کو فائنل میں پہنچا دےگی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہو گا۔بنگلہ دیشی ٹیم نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے، دو جیتے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستانی ٹیم نے دو میچ کھیلے، ایک جیتا اور ایک میں اسے ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔کرکٹ کے راجا رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آج میچ ہار گئے تو ورلڈ کپ سے پہلے بڑا دھچکا ہوگا جبکہ شعیب اختر نے ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ پہلے 6 اوورز میں وکٹیں ضائع نہ کریں،130 یا 140 رنز بن جائیں تو بالر سنبھال سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم کو بیٹنگ لائن میں مشکلات کا سامنا ہے ،ٹاپ آرڈر کی غیر ذمہ دارنہ بیٹنگ کی وجہ سے پہلے میچ میں بھارت کیخلاف 5وکٹوں سے سامنا کرنا پڑا اوردوسرے میچ میں یو اے ای کیخلاف میچ میں بھی ٹاپ آرڈ ر بری طرح ناکام ہوئی البتہ شعیب ملک اورعمر اکمل کی ناقابل شکست اننگز نے ٹیم کو رسوائی سے بچایا۔بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، کھلاڑی اب پاکستانی ٹیم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ بنگال ٹائیگرز نے سری لنکا کو اہم میچ میں 23 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی تھی۔اپنے ایک بیان میں بنگال ٹائیگرز نے قائد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہمیشہ ہماری ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا ہے تاہم ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف فتح سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کا پاکستان کے خلاف میچ میں فائدہ ہو گا، کوشش ہو گی کہ پاکستان کو شکست دے کر فائنل کھیلیں۔