ریڈمنڈ، واشنگٹن: مائیکروسوفٹ نے اپنا پہلا آل ان ون ٹچ اسکرین پرسنل کمپیوٹرفروخت کے لیے پیش کردیا۔
28 انچ چوڑے اس پی سی کو ’’سرفیس اسٹوڈیو‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی اسکرین بقول مائیکروسوفٹ دنیا کی باریک ترین اسکرین بھی ہے جو 20 درجے تک دیکھنے والا زاویہ فراہم کرتا ہے۔
اس میں ایک ڈائل کنٹرولر شامل کیا گیا ہے اور پاور اور پروسیسنگ کا نظام اس کی بیس میں رکھاگیا ہے۔ ڈائل کنٹرولر کو کی بورڈ، اسٹائلس، ماؤس کے ساتھ ہیپٹک فیڈ بیک کے لیے استعمال کیاجاسکتا ہے۔ یہ ورچول ریئلیٹی کی سہولیات بھی فراہم کرسکتا ہے۔
اس کا وسیع ٹچ اسکرین ایک بڑے وائٹ بورڈ اور ڈرائنگ بورڈ کی جگہ بھی استعمال ہوسکتا ہے جس سے کارکردگی اور تخلیقی عمل کو بڑھانے میں مدد مل سکے گی۔ کمپنی کے مطابق اسے کرسمس پر پیش کیا جارہا ہے لیکن پی سی محدود تعداد میں تیار کیا گیا ہے۔