بھارتی منفی کردار کے باعث خطے کی سلامتی کو بے پناہ خطرات لاحق ہیں
محمد نواز شریف کے وژن میں دیہی علاقوں کی ترقی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے
سانگلہ ہل (میاں ضیاء المصطفٰے )وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان سے بھارتی را ایجنٹ کی گرفتاری سے اقوام عالم پر پاکستان مخالف بھارتی عزائم کھل کر واضح ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات سانگلہ ہل کے نواحی قصبے مڑھ بلوچاں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کررہا ہے تو دوسری جانب بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشیں کھل کرعیاں ہورہی ہیں جس سے بین الاقوامی سطح پر یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ بھارت خطے میں دیرپا امن کا خواہاں نہیں ہے بلکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی بھی مشرقی پاکستان کے سانحہ سے متعلق بھارتی کردار کا اعتراف کرچکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی منفی کردار کے باعث خطے کی سلامتی کو بے پناہ خطرات لاحق ہیں اور اگر بھارت نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی مشکل ہو جاہے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارتی سازشوں کا سختی سے نوٹس لینا چاہئیے اور دونوں ممالک کے مابین تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے اپنابھرپور فعال کردار ادا کرنا پڑے گا۔اس موقع پر چوہدری محمد برجیس طاہر نے علاقے کے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن میں دیہی علاقوں کی ترقی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایک طرف وفاقی حکومت نے کسان بھائیوں کی بحالی کیلئے اربوں روپے کا پیکیج دیا تو دوسری جانب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی صوبائی حکومت دیہی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی مضبوطی کیلئے بھرپور کام کررہی ہے جس سے دیہی علاقوں کی معیشت پر بڑے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔