اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری پیر 29 جون کو صبح 7 بجے لندن سے لاہور پہنچیں گے قائد عوامی تحریک 28 جون کو فلائٹ نمبر EK002 پر دن 2 بجے لندن سے روانہ ہونگے اور 29 جون کو دبئی پہنچیں گے۔
جہاں مختصر قیام کے بعد وہ فلائٹ نمبر EK624 پر دبئی سے لاہور کیلئے روانہ ہونگے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی واپسی کے باضابطہ شیڈول کا اعلان پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کی مشاورتی کونسل کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹرحسن محی الدین کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی وطن واپسی اور ان کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔ مشاورتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ پانی و بجلی کے دونوں وزیروں کو برطرف کیا جائے۔
اجلاس میں حکومت کو وارننگ دی گئی کہ خیبر تا کراچی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام نڈھال ہیں، روزہ دار سحری اور افطاری میں بھی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں ۔لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے ورنہ پاکستان عوامی تحریک ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی اور دھرنے دے گی۔