رانا ثنا اب صدقے کے طور پر بھی قبول نہیں، دو ہفتوں میں پتہ چل جائے گا نواز شریف اور زرداری ایک پیج پر ہیں یا نہیں :سربراہ عوامی مسلم لیگ
اسلام آباد (یس اُردو) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ قوم سمجھ گئی ہے کہ شیر کی دم پر پاؤں آ گیا ہے ، اب رانا ثناء اللہ صدقے کے طور پر بھی قبول نہیں ہیں ، کہتے ہیں آئندہ دو ہفتوں میں پتہ چل جائے گا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک صفحے پر ہیں یا نہیں ۔ شیخ رشید نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ساری قوم کو سمجھ آ گئی ہے کہ شیر کی دم پر گینڈے کا پائوں آگیا ہے ، ن لیگ کی جانب سے رانا ثناء اللہ صدقے کے طور پر بھی قبول نہیں ہیں ۔ نواز شریف کے مطابق اس ملک میں صرف شریف تنگ ہیں غریب نہیں ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک صفحے پر ہیں یہ اگلے دو ہفتوں میں پتہ چل جائے گا ۔ اگر وزیر اعظم نواز شریف احتساب بیورو کے اختیارات ختم کرتے ہیں تو قومی اسمبلی میں مزید بدمزگی ہوگی ۔ رینجرز رواں ماہ کے آخر تک سندھ کی طرح پنجاب میں بھی انسداد دہشتگردی کارروائی کرے گی ، اگر نیب جاگ گیا تو چور لٹیرے اور کرپٹ سیاستدان سو جائیں گے